پاکستان

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد میں وفاقی وزیرامیر مقام کی زیر قیادت ریلی کا انعقاد

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے امور کشمیروگلگت بلتستان انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کئی دہائیوں سے ظلم وبربریت جاری ہے اور آزادی کی آواز بلند کرنے والے کشمیری آج بھی بھارتی جیلوں میں نظربند ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امیر مقام نے اسلام آباد میںحریت رہنمائوں کے ہمراہ یوم سیاہ کشمیر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان کے کردار سے کشمیر کاز کو عالمی سطح پرنئی تقویب ملی ہے۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وفاقی وزیر امیر مقا م نے کی۔ ریلی میں چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ ، ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی ، حریت رہنمائوںفاروق رحمانی ، عبدالحمید لون ، جموں و کشمیر لبریشن سیل ، پاکستان بیت المال کے سرپرست اعلی زمرد خان ،سرکاری افسران وزارتِ اطلاعات اور وزارتِ خارجہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ ریلی میں مختلف سیاسی و سماجی رہنما ئوں اور سکولوں و کالجوں کے طلبہ و طالبات نے بھی شرکت کی ۔شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے، انہوں نے کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگائے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج 27 اکتوبر وہ دن ہے جب بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر میں کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و بربریت جاری ہے، کشمیری عوام کے جذبے اور عزم کو سلام پیش کرتا ہوں،کشمیری عوام آج بھی آزادی کے لیے وہی جذبہ رکھتے ہیں جو 1947میں تھا، لاکھوں کشمیری آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں،آزادی کی آواز بلند کرنے والے ہزاروں کشمیر ی آج بھی بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت یاسین ملک کو پھانسی دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے،ایک لاکھ سے یادہ بچے یتیم اور ہزاروں خواتین بیوہ ہو چکی ہیں،سینکڑوں کشمیری خاندانوں کے گھروں کو مسمار کیا جا چکا ہے،9 لاکھ سے زیادہ بھارتی فوجی جموں و کشمیر میں تعینات ہیں، وہاں میڈیا پر مکمل پابندی عائد ہے۔وفاقی وزیر امیرمقام نے کہا کہ کشمیر میں انٹرنیٹ بند کر کے کشمیریوں کی آواز دنیا سے چھپائی جا رہی ہے،حریت قیادت نے مشکل حالات کے باوجود مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا۔ان مظلوموں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے قربانیاں دے کر آزادی کی جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کشمیریوں کے حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی موجودگی کشمیریوں کے عزم کی عکاس ہے،پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری عوام آج بھی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،حریت قیادت کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں،بھارتی ظلم کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں،آزادی کشمیر کے لیے ہر پاکستانی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے،آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیر کی جدوجہد بدستور جاری ہے ۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت اپنی سازشوں میں ناکام ہو چکا ہے،پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی آواز بلند کی ہے،پاکستان کل بھی، آج بھی اور آئندہ بھی کشمیریوں کے ساتھ رہے گا،ہم کشمیری عوام کی آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے،پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی بات کرتا رہے گا،جب تک اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہیں ہوتا، جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو دبا نہیں سکتا،ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔،وزیرِ اعظم شہباز شریف ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرتے ہیں،نائب وزیرِ اعظم و وزیر خاجہ اسحاق ڈار نے بھی کشمیر کاز کی موثر نمائندگی کی۔ وفاقی وزیر امیرمقام نے کہا کہ پاکستان نے اقوامِ متحدہ اور امتِ مسلمہ میں کشمیریوں کا موقف واضح طور پر اٹھایا،بھارت کے حالیہ اقدامات کے بعد دنیا نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ کشمیر کاز میں ایک نئی روح اور عزم پیدا ہو چکا ہے،افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھرپور کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بری، بحری اور فضائی افواج نے مادرِ وطن کے دفاع میں قابلِ فخر خدمات انجام دیں،افواجِ پاکستان کے کردار سے کشمیری کاز کو عالمی سطح پر نئی تقویت ملی،دنیا پر واضح ہو چکا ہے کہ خطے کے امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔پاکستان کوئی نیا مطالبہ نہیں کر رہا، صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل چاہتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر کا حقِ خود ارادیت کوئی احسان نہیں بلکہ بین الاقوامی وعدہ ہے،اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر کشمیر کے حوالے سے قراردادوں پر عملدرآمد کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے،بدقسمتی سے بھارت نے نہ صرف قراردادوں کی خلاف ورزی کی بلکہ اپنے آئین سے بھی مکر گیا،بھارت نے دفعہ370 اور 35A ختم کر کے اپنی ہی آئینی ضمانت توڑ دی۔انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی اقدام عالمی قانون، اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کے منافی ہے،بھارت کشمیریوں کی شناخت، زمین اور حقِ آزادی چھیننے کی کوشش کر رہا ہے،پاکستان ہر سطح پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتا رہے گا،ہم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،کشمیر کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔وفاقی وزیر نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت تمام مظالم کے باوجود ہمیشہ ناکام ہوا ہے ۔ معرکہ حق کے بعد بھارت کی حقیقت پوری دنیا نے دیکھ لی ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے ہمارا سر فخرسے بلند کردیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ اپنی قراردادِوں پر عمل درآمد کروائے، بھارت نے کشمیر کے حوالے سے اپنے ہی قوانین کو ختم کیا اور بھارت سے لوگوں کولا کر کشمیر میں بسا رہا ہے ۔ہمارا آج بھی وہی نعرہ ہے جو بانی پاکستان کا نعرہ تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ بھارت کے پاس وہ جذبہ نہیں جو افواج پاکستان کی قیادت اور پاکستانیوں میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی ڈیموگرافی بدلنے کی کوشش کی لیکن پاکستان نے ہمیشہ اس ڈیموگرافک تبدیلی کو مسترد کیا ہے اور آج بھی مسترد کرتا ہے،ہم ان بھارتی کوششوں کو کبھی تسلیم نہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں،کشمیریوں کی رائے کے بغیر کوئی حل قابلِ قبول نہیں۔آج پورے ملک، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔
حریت رہنما فاروق رحمانی نے کہا کہ بھارت خطے میں بالا دستی چاہتا ہے،جب تک قابض فورسز واپس نہیں جاتیں، خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ فاروق رحمانی نے 1947 کی تقسیم کے پس منظر کا حوالہ دیا اور تاریخی تناظر پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کی جاری جدوجہد کو جمہوری حق قرار دیا اور کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں اور شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے عالمی سطح پر کشمیری کاز کی حمایت پر پاکستان سے تشکر کا اظہار کیا ۔اس موقع پرکشمیر کمیٹی کے چیرمین رانا قاسم نون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیت اور کشمیریت ایک ساتھ ہے،کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے میں امن نہیں ہوسکتا،کشمیریوں نے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے،ہم مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button