او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے اطلاعات کی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کی شدید مذمت
استنبول25اکتوبر(کے ایم ایس)اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے اطلاعات نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بربریت، اسلامو فوبیا اور جھوٹی خبریں پھیلانے کی شدید مذمت کی ہے۔
استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے اطلاعات کے 12ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزرائے اطلاعات نے اسلامو فوبیا اور جھوٹی خبروں کا مقابلہ کرنے کے لیے میڈیا کے میدان میں مشترکہ اقدامات کرنے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں متفقہ طورپر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں بھارت کی حکمران جماعت کے عہدیداروں کی طرف سے اسلام دشمن بیانات، نفرت انگیز تقاریر، بھارت میںاسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہراور آر ایس ایس-بی جے پی کی سرپرستی میں ہندوانتہا پسند وں کے نفرت انگیز جرائم کی شدید مذمت کی گئی جن کی وجہ سے بھارتی مسلمانوں کو سیاسی، معاشی اور سماجی پسماندگی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔پاکستان کے وفد کی قیادت کرنے والی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کشمیری اور فلسطینی عوام کی استقامت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے صحافیوںسے مطالبہ کیا کہ وہ ان مقبوضہ علاقوں کا دورہ کریں اور بھارتی اور اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کریں ۔انہوں نے غلط معلومات،جھوٹی خبروں اور اسلامو فوبیا کے بارے میں ایک ورکنگ گروپ کے قیام کی بھی تجویز دی۔مریم اورنگزیب نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے اسلامو فوبیا پر خصوصی ایلچی مقرر کرنے کی درخواست کی اور انڈین کرانیکلز کو بے نقاب کرنے پریورپی یونین ڈس انفو لیب کوسراہا جو بین الاقوامی اداروں کو نشانہ بنارہاتھا اورجھوٹی خبروں کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچارہا تھا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں فوجی محاصرے اورمواصلاتی پابندیوں کو فوری طورپر ختم کرنے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے اور مقبوضہ علاقے تک بین الاقوامی میڈیا کے اداروں اور صحافیوں کو فوری رسائی دینے کا مطالبہ کیا۔پاکستانی وزیر اطلاعات نے بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے عہدیداروں کے گستاخانہ بیانات پر حقائق پر مبنی رپورٹنگ کرنے پر ویب سائٹ” آلٹ نیوز” کے شریک بانی محمد زبیر سمیت مسلمان صحافیوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے اور نظربند رکھنے پر شدید تشویش کا اظہار تے ہوئے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ صحافیوں سمیت مسلم اقلیتوں پر ظلم و ستم بند کرے۔جمہوریہ ترکیہ نے” دور حاضر میںجھوٹی خبروں اور اسلامو فوبیا سے نمٹنا ”کے عنوان سے21سے22 اکتوبر تک استنبول میںاسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے اطلاعات کے 12ویں اجلاس کی میزبانی کی۔