انڈیگو ایئر لائن کی سینکڑوں پروازیں منسوخ
عوام کو بحرانی صورتحال کا سامنا ، مودی حکومت مسلسل کھوکھلے دعوئوں میںمصروف
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کوکھوکھلے دعوئوں پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بھارت بھر میں عوام کو انڈیگو ایئر لائن کی سینکڑوں پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے شدید بحران کا سامنا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی وندے ماترم(قومی ترانے) کے 150سال مکمل ہونے کے موقع پر لوک سبھا میں بحث کا آغاز کرنے والے ہیں ۔مودی حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی ترانے کے تاریخی پہلوئوں کو اجاگر کرنا ہے۔ایکس پر ایک پوسٹ میں محبوبہ مفتی کہاکہ مودی حکومت لوک سبھا میں دو سو سال پرانے وندے ماترم پر بحث کرانے میں مصروف ہے جبکہ ملک کے عوام کو سینکڑوں انڈیگو پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے بحرانی صورتحال کا سامنا ہے ۔انہوںنے کہاکہ مودی حکومت عوام کی مشکلات دور کرنے کی بجائے کھوکھلے نعروں اور وعدوں کو دہرانے میںمصروف ہے ۔ محبوبہ مفتی نے پوسٹ میں سوال کیاکہ مودی کا لگایاہوا ” سیاسی تھیٹر کس طرح بھارت کے عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا، بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول یا انڈیگو بحران جیسے لاکھوں بھارتیوں کو درپیش سنگین مسائل کو کیسے حل کرے گا ؟۔
واضح رہے کہ پائلٹس کے ڈیوٹی ٹائم اور آرام کے اصولوں سے متعلق ریگولیٹری قوانین میں تبدیلیوں کی وجہ سے 2دسمبر کے بعد سے انڈیگوائیر لائنز کی سینکڑوں پروازیں منسوخ ہونے کے باعث لاکھوں بھارتیوںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں گھنٹوں ہوائی اڈوں پر انتظار کرنا پڑتاہے ۔





