ناگپور:بھارتی بینک میں 23کروڑروپے کا گولڈ لون اسکینڈل کا انکشاف
ناگپور:
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میںICICIبینک کی 9برانچوں میں 23کروڑ روپے کے سونے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بینک آڈٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ قرض کے لیے جمع کروایا گیا سونا جعلی تھا۔یہ مبینہ فراڈ اس وقت سامنے آیا جب بینک نے اپنے گولڈ لون پورٹ فولیو کا اندرونی آڈٹ کروایا۔ آڈٹ کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ بینک کی 9 مختلف برانچوں میں قرض کے عوض رکھے گئے زیورات درحقیقت سونے کے نہیں بلکہ جعلی تھے۔دھنتولی پولیس نے ICICIبینک کے زونل آفس کے ملازم دھننجے رمیش کی شکایت پر فراڈ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ مبینہ فراڈ جنوری 2023سے اکتوبر 2025کے درمیان انجام دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق مجموعی طورپر 195کھاتہ داروں نے دھوکہ دہی سے یہ قرضے حاصل کیے۔پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس اسکینڈل میں بینک کے ملازمین یا افسران بھی ملوث تھے، کیونکہ سونے کی اصلیت کی تصدیق کرنے والے ویلیوورز کی منظوری یا گرین سگنل کے بغیر اتنی بڑی رقم کے قرضے حاصل کرنا ناممکن ہے۔







