مقبوضہ جموں و کشمیر
سرینگر ایئرپورٹ پر امریکی شہری، مقامی شخص گرفتار
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ایک امریکی شہری کو سرینگر ہوائی اڈے پر آج اس وقت گرفتارکر لیا گیا جب حکام نے ا س کے پاس ایک سیٹلائٹ فون پایا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی شہری کی شناخت جیفری سکاٹ پراتھر کے نام سے ہوئی ہے جو امریکہ کے علاقے مونٹانا کا رہائشی ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسے معمول کی سیکیورٹی چیکنگ کے دوران روکا گیا جس کے بعد سیکیورٹی ایجنسیوں نے اسے پوچھ گچھ کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں سیٹلائٹ فون کے استعمال پر سختی سے پابندی ہے اور پیشگی اجازت کے بغیر یہ فون رکھنا ممنوع ہے۔ قابض حکام نے بتایا کہ اس کے ساتھ ایک مقامی شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے اور ان کے دورے اور ڈیوائس کے استعمال کا مقصد جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔







