مقبوضہ جموں وکشمیرمیں شدیدسردی کی لہر،رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے
سرینگر21 نومبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں شدیدسردی کی لہر جاری ہے اور رات کا درجہ حرارت بدستورنقطہ انجماد سے نیچے جا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 23نومبر تک رات کے درجہ حرارت میں منفی2 سے3ڈگری کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر شہر میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی1.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل کی رات کو سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ اس سے قبل کی رات کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔سیاحتی مقام پہلگام جموں وکشمیر میں رواں موسم کا سب سے سرد ترین علاقہ رہا جہاں پر درجہ حرارت منفی 4.3ڈگری ریکاڑ ہوا جبکہ اس سے قبل وہاں درجہ حررات3.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ضلع کپوارہ میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا جہاں رات کا درجہ حرارت منفی2.7ڈگری ریکاڑ ہوا جبکہ اس سے قبل کی رات کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔سیاحتی مقام گلمرگ کے درجہ حرارت میں قدر ے بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے اور وہاں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ خطے میں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے۔ضلع لہہ میں منفی7.8 ، دراس میں منفی 12 ، کرگل میں درجہ حرارت منفی 4.9ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ24اور25نومبر کو پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشوں کا معمولی امکان ہے جبکہ اس پورے ماہ میں کسی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی امکان نہیںہے۔