APHC-AJK

سرینگر: حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی”یوم تکبیر” پر پاکستان کو مبارکباد


سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے آج 28مئی ”یوم تکبیر” پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ آج کا دن مملکت خداداد کی تاریخ کاایک سنہری باب اور عالمِ اسلام کے لیے عظیم وقار، خودمختاری اور دفاعی استحکام کی علامت ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں حکومت پاکستان، افواجِ پاکستان، ممتاز سائنسدانوں، سیاسی قیادت اور پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے کامیاب ایٹمی تجربات کے ذریعے نہ صرف مسلم دنیا کا پہلا بلکہ دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک بننے کا اعزاز حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی دبائو، معاشی پابندیوں، سفارتی رکاوٹوں اور بیرونی سازشوں کے باوجود جس جرات، استقامت ، بہادری اور قومی یکجہتی مظاہرہ کیا، وہ اسلامی دنیا کیلئے ایک روشن مثال ہے۔ پاکستان کے سائنسدانوں، بالخصوص ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کے رفقا کی خدمات کو تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی جنہوں نے اپنی صلاحیت، محنت اور قومی جذبے سے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا صرف ایک ملک کی کامیابی نہیں تھا بلکہ یہ پوری اسلامی دنیا کے لیے ایک واضح اور مضبوط پیغام تھا کہ اگر اقوام عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہنا چاہتی ہیں تو انہیں سائنسی، دفاعی اور تکنیکی میدان میں خودانحصاری اختیار کرنا ہوگی۔ پاکستان نے اپنی ایٹمی صلاحیت کے ذریعے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بحال کیا اور دشمن قوتوں کو یہ باور کرایا کہ وہ اپنی سالمیت ، عزت و وقار پر ہرگز کوئی سمجوتہ نہیںکرے گا۔۔غلام محمد صفی نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی، استحکام اور دفاعی قوت کشمیری عوام کے لیے حوصلے، اعتماد اور امید کا سرچشمہ ہے۔ کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان کو اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ یقین رکھتے ہیں کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

دریںاثناانٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد احسن انتو نے بھی ایک بیان میں یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم، افواجِ پاکستان، سائنسدانوں اور سیاسی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب ملک نے ایک مضبوط اور خودمختار ریاست کے طور پر اپنی پہچان قائم کی۔ انہوں نے کہاکامیاب ایٹمی تجربات نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا بلکہ پوری مسلم امہ کے حوصلے بلند کیے۔ محمد احسن انتو نے کہا کہ پاکستان کے مایہ ناز سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو مزید استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور امن، اتحاد اور سلامتی کا گہوارہ بنائے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button