APHC-AJK

حریت وفد کی چوہدری یاسین سے ملاقات، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیر شاخ کے ایک اعلیٰ سطحی وفدنے کنونیر غلام محمد صفی کی قیادت میں اسلام آباد میںپاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین سے ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد نے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال ،علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظلوم کشمیری عوام کو درپیش شدید مشکلات سے آگاہ کیا ۔ حریت وفد نے چوہدری یاسین سے درخواست کی کہ وہ قومی و بین الاقوامی فورمز پر اپنا موثر کردار جاری رکھیں اور عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف مبذول کرائیں۔وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کے تاریخی اور مستقل کردار کو بھی سراہا جو انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے قومی اور عالمی سطح پر ادا کیا ہے۔ حریت وفد نے چوہدری یاسین کو 10 دسمبر 2025کوعالمی یومِ انسانی حقوق کے موقع پر کوٹلی آزاد کشمیر میں ہونے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔چوہدری محمد یاسین نے حریت وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وہ تاریخی نظریہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ کشمیر کے لیے ہزار سال تک لڑیں گے ،ہر کارکن کے لیے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جموں و کشمیر کے ان بہادر اور ثابت قدم لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے جنہوں نے اقوامِ متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر ریلی میں بھرپور شرکت کرے گی اور بھارت کو سخت پیغام دے گی کہ پارٹی کسی صورت میں مسئلہ کشمیر پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارتی قبضے سے کشمیر کی آزادی کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے حریت کانفرنس کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بدترین مظالم کے باوجود حریت کبھی ظلم کے آگے نہیں جھکی۔ حریت وفد میں جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، شیخ عبد المتین، شیخ عبد المجید، شیخ یعقوب، راجہ خادم حسین، محمد اشرف ڈار اور حاجی سلطان بٹ بھی شامل تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button