لداخ میں شراب کی خریدو فروخت پر پابندی کا مطالبہ
کرگل: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے لداخ خطے میں جمعیت علماءاثنائے اشعریہ کرگل (جے یو آئی اے کے) نے لداخ میں متعارف کرائی گئی نئی ایکسائز پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے علاقے میں شراب کی خریدو فروخت پر فوری پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جے یو آئی اے کے کے جنرل سیکرٹری شیخ ابراہیم خلیلی اور پولیٹیکل انچارج سجاد کرگلی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ کی طرف سے لداخ میں شراب کی دکانیں کھولنے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لے کیونکہ شراب نوشی کو فروغ دینا لداخ کے لوگوں کی ثقافتی، سماجی اور مذہبی اقدار کے خلاف ہے۔انہوںنے کہا کہ لداخی سماج میں شراب کی کوئی جگہ نہیں ہے اور نئی ایکسائز پالیسی کے تحت شراب کی دکانیں کھولنے سے نوجوان نسل اور معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔






