حضرت امام حسین کی شہادت کشمیریوں کے لیے مشعل راہ ہے ، حریت قیادت

سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کی غیر قانونی طورپرنظربند بند قیادت نے شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی نے ثابت کیا ہے کہ ہمیشہ حق کی فتح ہوتی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت قیادت نے عاشورہ محرم کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت ہمیں شہدائے کربلا کی جانب سے اسلام کی سربلندی کیلئے دی گئی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کی شہادت میں ہمارے لئے بہت سے پیغامات اور سبق موجود ہیں جو ہماری سیاسی، سماجی اور انفرادی زندگی کے مختلف پہلوئوں کو متاثر کرتے ہیں۔ حریت قیادت نے کہاکہ واقعہ کربلا نہ صرف کشمیریوں بلکہ دنیا کے تمام مظلوموں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنے کے باوجود اپنے شہدا کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، انہوں نے کہا کہ ظالم اور قابض بھارت کو ایک دن شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور کشمیری جلد آزادی کی صبح ضرور دیکھیں گے۔







