مقبوضہ وادی کشمیر میں گرمی کی لہر جاری، 30جون سے 3جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی
![]()
سری نگر،:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں گرمی کے لہر کے درمیان محکمہ موسمیات نے 30جون سے بڑے پیمانے پر بارشوں کی بیشگوئی کرتے ہوئے کسانوں ، باغ مالکان اور سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 29جون تک وادی کشمیر اور جموں کے بیشتر علاقوں میں صبح اور دوپہر کے اوقات میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں مختلف مقامات پر ہلکی بارش ، گرج چمک کے ساتھ بوندا اندی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ محکمے نے کہا کہ 30جوں سے 3جولائی کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور جموں وکشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
اس دوران بعض مقامات پر مختصر مدت کیلئے شدید بارش، آندھی ، تیز ہوائیں اور بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آسکتے ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں عارضی پانی جمع ہونے ، اچاک سیلاب آنے اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ موجود ہے ، خاص طور پر 30جون کے بعد حساس علاقوں میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔ ایڈوائیزری میں باغبانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ باغات میں دوائی سپرے کا کام صبح کے اوقات میں مکمل کریں تاکہ دوپہر یا شام کی بارش سے فصلوں پر منفی اثرات نہ پڑیں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گرج چمک اور تیزہواﺅں کے دوران کمزور عمارتوں ، بجلی کے کھمبوں ، تاروں اور پرانے درختوں سے دور رہیں۔ اسی طرح سے سرینگر کی شہرہ آفاق جھیل ڈل اور دیگر آبی ذخائر میں کشتی رانی اور شکارا سروس کو خراب موسم کے دوران معطل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔







