بھارت :تلنگانہ میں اردو پڑھانے پر بی جے پی رہنماﺅں کا اسکول کے پرنسپل پر حملہ

حیدرآباد:بھارتی ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماوں نے ایک اسکول پر دھاوا بول کر اردو پڑھانے پر اسکول کے پرنسپل کو تھپڑ مار دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بی جے پی رہنماوں نے ضلع نظام آباد کے علاقے آرمور میں بھارت چندر سکول پر دھاوا بول دیا اور پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں سکول کے پرنسپل عامر خان کو تھپڑ مارا۔قصبے میں بی جے پی کے صدر بالو اور دیگر کی قیادت میں ہندوتوا پارٹی کے کارکنوں نے پرائیویٹ اسکول میں اردو پڑھانے پر اعتراض کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے بچوں کو اردو گانے اور کلمہ سکھایا جا رہا ہے اور یہ کہ ان کی کتابوں میں اردو تحریریں ہیں جس سے ان کے بقول طلباءکے طرز عمل میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔آرمور اسٹیشن ہاوس آفیسر ستیہ نارائنا نے تصدیق کی کہ اسکول کے پرنسپل عامر خان، اردو ٹیچر ہما اور اسکول کی نمائندہ ملیحہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان پر اسکول میں مبینہ طور پر اردو پڑھانے کے الزام میں بھارتیہ نیا ئے سنہتا کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس واقعے نے خطے میں ہندوتوا کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوںپر تشویش کو جنم دیا ہے۔






