بلقیس بانو مقدمے کے مجرموں کی رہائی: گجرات کے 3مسلم ارکان اسمبلی کا بھارتی صدر کو خط
احمد آباد21 اگست (کے ایم ایس)بھارتی ریاست گجرات اسمبلی کے کانگریس سے وابستہ تین ارکان نے صدر دروپدی مرمو کو خط لکھا ہے جس میں ان سے گجرات حکومت کو یہ ہدایت دینے کی گزارش کی گئی ہے کہ وہ بلقیس بانو مقدمے کے گیارہ مجرموں کو رہا کرنے کا اپنا شرمناک فیصلہ واپس لے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ارکان اسمبلی غیاث الدین شیخ، جاوید پیرزادہ اور عمران کھیڑا والا نے بھارتی صدر کو لکھے گئے خط میں گیارہ مجرموں کی رہائی سے متعلق گجرات حکومت کے فیصلے کو شرمناک ، غیر حساس اور حصول انصاف کی جدوجہد کرنے والوں کیلئے مایوس کن قرار دیا۔ غیاث الدین شیخ نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ گجرات حکومت نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی مقدمے کے گیارہ مجرموں کی عمر قید کی سزا معاف کر کے سنگدلی اور غیر حساس ہونے کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ انصاف کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والوں کیلئے یہ ایک مایوس کن فیصلہ ہے۔ غیاث الدین نے خط کی ایک کاپی اپنے ٹویٹر ہینڈل پر بھی پوسٹ کر دی ہے۔
یا د رہے کہ گجرات میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت نے 2002کے مسلم کش فسادات کے دوران ایک حاملہ خاتون بلقیس بانو کی عصمت دری اور اسکی دو سالہ بیٹی سمیت خاندان کے سات افراد کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا پانے والے تمام گیارہ مجرموں کو 15اگست کوبھارتی یوم آزادی کے روز رہا کردیا۔