مقبوضہ کشمیر:قابض حکام کا اسکولوں کی کتابوں کی جانچ پڑتال کا حکم

جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے سرکاری و پرائیویٹ اسکولوں اور کوچنگ سینٹرز میں تمام تعلیمی مواد کی سات دنوں کے اندر ڈویژن وسیع جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، یہ حکم ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں نے جاری کیاہے۔سرکاری سرکلر کے مطابق، اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کلاس رومز، لائبریریوں، لیبارٹریوں، دفاتر اور عملے کے کمروں میں موجود تمام مطبوعات کا معائنہ کریں۔ یہ جانچ نئی فراہم کردہ اور موجودہ دونوں طرح کی کتابوں کا احاطہ کرتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کسی بھی مواد میں جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کے بارے میں کوئی بات موجود نہ ہو۔
ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ اس مہم کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تعلیمی وسائل بھارت میں موجود حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسیوں کے مطابق ہوں۔اداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ 13 جولائی تک زونل ایجوکیشن آفیسرز کو تعمیل کا سرٹیفکیٹ جمع کروائیں۔ زیڈ ای اوز 15 جولائی تک چیف ایجوکیشن آفیسرز کو متحدہ رپورٹیں بھیجیں گے، اور سی ای اوز 17 جولائی تک ڈائریکٹوریٹ کو ضلع وار رپورٹیں پیش کریں گے۔سرکلر میں خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر پر سروس قواعد کے تحت سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔یہ جانچ مہم لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے آٹھ افسران کو معطل کرنے اور تمام تعلیمی مواد کی مکمل جانچ کی ہدایت دینے کے بعد شروع کی گئی ہے۔






