مقبوضہ کشمیر میں کل یوم تجدیدعہد منایا جائے گا
کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کا خیر مقدم
سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے ممتاز نوجوان رہنما برہان مظفروانی کے یوم شہادت کے موقع پر کل مقبوضہ جموں و کشمیر میں یوم تجدیدعہد منانے کا اعلان کیا ہے تاکہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کشمیر کے شہدا کے مشن کے ساتھ کشمیری عوام کی مکمل وابستگی کا اعادہ کیا جا سکے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے جیل میں نظربند حریت قیادت کے پیغامات کا حوالہ دیتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ 8جولائی کوبرہان وانی کی دسویں یوم شہادت کے موقع پرمزار شہدا جاکر کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا بھارتی قبضے کے خلاف پائیدار مزاحمت کی علامت ہیں اور شہدا کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برہان وانی جیسے شہدا نے کشمیری عوام کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا اہم طریقہ ان کے مشن کو اتحاد اور عزم کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔عبدالرشیدمنہاس نے کہا کہ عزت کے ساتھ اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا بھارتی قبضے میں زندگی گزارنے سے بہتر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کوبھارتی آزادی سے کیلئے جدوجہدجاری رکھنے سے روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاںنہیں جائیں گی اورشہداکے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔حریت ترجمان نے تنازعہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کے اعادہ کا بھی خیر مقدم کیا۔ انہوں نے راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے جرات مندانہ موقف کی تعریف کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کشمیر ی عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دینے سے وابستہ ہے۔





