قابض حکام نے میرواعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بندکردیا
پیلٹ متاثرین کی تکلیف کا مذاق نہ اڑایا جائے: میرواعظ
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق کو گھر میں نظربند کردیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ آج ایک بار پھر مجھے گھر میں نظر بند کیا گیا اور ڈاﺅن ٹاﺅن سرینگر کے نوجوانوں کی جانب سے عیدگاہ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت سے روک دیا گیا۔انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ نوجوانوں کے ساتھ بات چیت اور رابطے سے بھی روکا گیا۔

دریں اثناءمیرواعظ نے”الجزیرہ “میں شائع ہونے والی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک معروف بین الاقوامی نیوز نیٹ ورک میں شائع ہونے والی ایک تشویشناک تحریر میں آنے والی ایک بالی ووڈ فلم کا ذکر کیا گیا ہے جس میں کشمیر میں پیلٹ گنوں کے استعمال کو ’لمیٹڈ ڈمیج ‘ یعنی محدود نقصان کا ذریعہ بتایا گیا ہے اور پیلٹ متاثرین کی تکلیف کا مذاق اڑایا گیا ہے۔میر واعظ نے کہاکہ ہزاروں متاثرین کے لیے جو اپنی آنکھوں اور اعضا ءمیں پیوست پیلٹس کے نتائج کے ساتھ جی رہے ہیں اور تکلیف برداشت کر رہے ہیں، یہ زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے لکھا کہ یہ متاثرین جن میں زیادہ تر نوجوان ہیں، ہمدردی، دیکھ بھال اور انصاف کے مستحق ہیں، پروپیگنڈا کے نہیں۔ فلم سازوں کو ایسی بے حسی پر دوبارہ غور کرنا چاہیے اور فلم کو اس کی موجودہ شکل میں ریلیز کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔






