پاکستان کی بھارتی وزیر دفاع کے انتہائی اشتعال انگیز بیان کی مذمت

اسلام آباد : پاکستان نے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی وزیر دفاع کے انتہائی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان میں نہ صرف اقوام متحدہ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ جموں و کشمیر کے حوالے سے حقائق کو مسخ کیاگیاہے جو آج بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے بلکہ اسےعلاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی بھارتی حکومت کی سوچی سمجھی پالیسی کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔اس طرح کے بیانات مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے مسلسل قبضے، خطے میں اس کی دہشت گردی کی سرپرستی اور اپنے ملک کے اندر عدم استحکام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارت کو جارحانہ اور جنگی جنون پر مبنی بیان بازی کرتے ہوئے یہ یاد رکھنا چاہےے کہ پاکستانی عوام اور حکومت کسی بھی مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں جس طرح گزشتہ سال آپریشن بنیان المرسوس کے دوران پوری پاکستانی قوم اور اس کی بہادر مسلح افواج نے دکھا دیا تھا۔پاکستان نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کے مسلسل جارحانہ رویے کا نوٹس لے اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد میں ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرائے جن میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کی ضمانت دی گئی ہے۔







