پہلگام فالس فلیگ آپریشن ، آپریشن سندور قابل مذمت
بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، سید یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد:
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل، کشیدگی کو ہوا دینے والی پالیسیوں اور حقائق کو مسخ کر کے خطے میں عدم استحکام کی ذمہ داری منتقل کرنے کی مسلسل کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال مکمل ہونے پر جاری بیان میں سید یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا تاہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار رہا۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کا ردعمل پاکستان-بھارت کشیدگی کے دوران متوازن، ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی قانون کے عین مطابق تھا۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تیاری اور دفاعی صلاحیت نے قومی خودمختاری کا بھرپور تحفظ کیا اور نازک صورتحال میں دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے بھارت کے یکطرفہ اور مہم جوئی پر مبنی اقدامات بشمول آپریشن سندور کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات علاقائی توازن اور امن کو نقصان پہنچاتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے خلاف سرگرم عناصر کی مسلسل سرپرستی اور مداخلت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے خودمختاری اور بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوششوں پر خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطرناک کشیدگی کو جنم دیتے اور خطے میں استحکام اور آبی وسائل کے تحفظ کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔پاکستان کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے پرعزم ہے تاہم کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا موثر، متناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے یا عالمی سطح پر حقائق مسخ کرنے کی ہر کوشش کا بھرپور مقابلہ کرے گا۔







