کشمیر ایک قوم کے بنیادی سیاسی، انسانی اور جمہوری حقوق کا مسئلہ ہے، غلام محمد صفی
سید علی گیلانی کو خراج عقیدت

مظفرآباد : کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ ایک قوم کے بنیادی سیاسی، انسانی اور جمہوری حقوق کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جسے وہ منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام محمد صفی نے مسجدِ شہدا، زیرو پوائنٹ مظفرآباد میں نمازِ جمعہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ حق پر مبنی کشمیریوں کی جدوجہد کو فوجی طاقت کے بل پر دبانے کے بجائے مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرے۔
انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم قائد سید علی گیلانی کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما پوری زندگی اصولی موقف پر ڈٹے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی برسی کے موقع پر نئی نسل کو ان کے نظریات، قربانیوں اور جدوجہد سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور کشمیر لبریشن سیل کے زیرِ اہتمام عظیم قائد کی برسی کے سلسلے میں یکم ستمبر کو منعقد ہونے والی کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں ۔ انہو ں نے اس موقع پر مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی ، تمام شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور مملکت خداداد پاکستان کی سلامتی ، ترقی و استحکام کیلئے دعا کی۔







