بھارت ظلم وتشدد اور طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا، حریت رہنما
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ بھارت بدترین ظلم و تشدد، طاقت کے وحشیانہ استعمال اور فوجی محاصرے کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتا۔ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوںسید یوسف نسیم، شمیم شال، انجینئر مشتاق محمود، مشتاق احمد بٹ، سید گلشن احمد اور محمد شفیع ڈارنے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر پر اپنے فوجی تسلط کو برقرار رکھنے کے لیے آئے روز قابض فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے، جو انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اسرائیلی طرز پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور کشمیریوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ قابض فوجیوں کو مختلف علاقوں میں زمینوں کی الاٹمنٹ اور غیر کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر ڈومیسائل کا اجرا اسی نوآبادیاتی منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین میں اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔
حریت رہنمائوں نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی، مسلسل پابندیوں، گرفتاریوں اور ریاستی جبر کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی سے کم کوئی چیز قبول نہیں کریں گے۔
حریت رہنمائوں نے کہا کہ طاقت کے نشے میں دھت بھارتی قابض فورسز کشمیری خواتین، بچوں، بزرگوں اور بالخصوص نوجوانوں کو مسلسل ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں، جبکہ نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی تمام تر ریاستی طاقت استعمال کرنے کے باوجود کشمیری عوام کی آواز کو دبا نہیں سکا۔
حریت رہنمائوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جسے فوجی طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرے، تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو اور کشمیری عوام بھارتی جبر و استبداد سے نجات حاصل کر سکیں۔








