حریت کانفرنس کا سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت، لوگوں سے یکم ستمبر کو شہید کی قبر پر حاضری دینے کی اپیل

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے عظیم قائد سید علی گیلانی شہید کو انکے پانچویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکم ستمبر بروز منگل سری نگر کے حیدر پورہ میں ان کی قبر پر حاضری دیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ راشد منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ منگل کو سید علی گیلانی کی قبر پر جا کر ممتاز رہنما کو کشمیرکاز کیلئے انکی بے مثال خدمات اور کشمیریوںکے حق خودارادیت کیلئے شہید رہنما کے لازوال کردار پر انہیں بھر پور خراج عقیدت پیش کریں۔
ترجمان نے کہا کہ سید علی گیلانی حقیقی معنوں میں ایک فولادی عظم کی شخصیت تھے جنہوں نے بھارتی چیرہ دستیوں کا انتہائی عزم وہمت کیساتھ مقابلہ کیا اوربے انتہا تکالیف اور مشکلات کے باوجود تنازعہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے ان عظیم رہنمائوں کو یاد رکھیں جنہوں نے قوم کے روشن مستقل کے لیے اپنا سب کچھ قربان کیا اور آخری سانس تک حق و سچ کی آواز بلند کرتے رہے۔
بیان میں ائمہ اور علمائے کرام پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ شہید رہنما کے درجات کی بلندی کیلئے مساجد میں خصوصی دعائیں کریں۔
دریں اثنا حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ عظیم مزاحمتی قائد کی جدوجہد، ہمت اور قربانیاں دنیا بھر کی مظلوم اور کمزور قوموں کے لیے مشعل راہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا مشن اور نظریات زندہ ہیں اور زندہ ہیں اور انہیں ہمیشہ ایک عظیم قائدکے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر دوران نظر بندی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے تھے تھے جہاں قابض بھارتی انتظامیہ نے انہیں 2010سے مسلسل زیر حراست رکھا تھا۔







