بھارت

گودی میڈیا کا ایک اور مبینہ ”پاکستانی سازش کا ڈرامہ”، میرٹھ کے نوجوان کو ٹی وی پر ہی مجرم قرار دیا

عدالتی فیصلے سے پہلے ہی نوجوان کو دہشت گرد قرار دینے پر بھارتی میڈیا کے کردار پر سوالات

نئی دہلی: بھارتی شہر میرٹھ کے ایک نوجوان عزید کو مبینہ طور پر پاکستان سے منسلک نیٹ ورک اور آن لائن انتہا پسندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے،یہ خبر ریپبلک ٹی وی نے نشر کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریپبلک ٹی وی نے مبینہ واٹس ایپ چیٹس نشر کیں۔ ان میں ملزم کو ساجد نامی شخص کو دھماکہ خیز مواد سے بھری جیکٹ پہنا کر بھارتی فوج کی ایک چیک پوسٹ پر بھیجنے کی منصوبہ بندی کرتے دکھایا گیا ہے۔ریپبلک ٹی وی نے عدالت میں کوئی الزام ثابت ہونے سے پہلے ہی ملزم کو براہ راست نشریات میں دہشت گرد قرار دے دیا۔
چینل نے اپنی سرخی کے علاوہ پاکستان سے اس کے تعلق کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ایک غیر مصدقہ واٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شاٹس ہی گودی میڈیا کے لیے کافی ثابت ہوئے۔ اس نے ایک ہی نشریات میں فیصلہ سنا دیا، ایک ملک کو ملوث قرار دے دیا اور پوری برادری کو مجرم بنا دیا۔ریپبلک ٹی وی دنیا کو یہ یقین دلانا چاہتا ہے کہ بھارتی فوج کی چیک پوسٹ کو اڑانے کی سازش عام ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے تیار کی گئی تھی۔
میرٹھ میں ہر چند ماہ بعد پاکستان سے منسلک ایک نیا نیٹ ورک سامنے لایا جاتا ہے۔ ہر بار اسے ایک ہی مخصوص لیبل دیا جاتا ہے اور میڈیا پر اسی طرح مقدمہ چلایا جاتا ہے۔
2006 کے ممبئی ٹرین دھماکوں کے 19سال بعد بمبئی ہائی کورٹ نے تمام 12 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔ ان میں سے پانچ کو سزائے موت سنائی جا چکی تھی۔ عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔اکشردھام مقدمے کے ملزمان سے لے کر محمد عامر خان تک بھارتی عدالتیں متعدد ایسے مسلمانوں کو بری کر چکی ہیں۔ یہ افراد دہشت گردی کے من گھڑت الزامات کے تحت برسوں جیلوں میں گزار چکے تھے۔
بھارت میں جب بھی کسی مسلمان نوجوان کو گرفتار کیا جاتا ہے تو پولیس کے عدالت پہنچنے سے پہلے ہی نیوز ٹکرز پر پاکستان کا نام آ جاتا ہے۔2014 سے 2024 کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون ”یو اے پی اے” کے تحت مقدمات میں سزا کی شرح صرف 3.8فیصد رہی۔ بھارت کا اپنا ریکارڈ دہشت گردی سے متعلق اس کے دعووں کی کمزوری ظاہر کرتا ہے۔اگر پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کے لیے بھارت کے پاس یہی بہترین ثبوت ہیں تو اسے بہتر کہانی اور بہتر اسکرپٹ لکھنے والوں کی ضرورت ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button