مقبوضہ جموں و کشمیر میں 10ہزار ڈینٹل سرجن بے روزگار، مودی حکومت کے ترقی کے دعوے بے نقاب
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں تقریبا 10 ہزار ڈینٹل سرجن طویل بے روزگاری کا شکار ہیں۔ شعبے میں 17سال سے بھرتیوں پر پابندی اور حکومت کی ٹھوس پالیسی کی عدم موجودگی نے ان کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھرتیوں پر طویل پابندی نے خصوصا دیہی اور نیم شہری علاقوں میںغیر منظم ڈینٹل پریکٹس کے پھیلا ئو سے بھی تشویش پیدا کر دی ہے جہاں ڈینٹل ٹیکنیشنز اور معاون عملہ اپنے مجاز دائرہ کار سے تجاوز کرتے ہوئے کام کررہا ہے۔ اس سے مریضوں کی صحت خطرے میں پڑ رہی ہے۔
ڈینٹل سرجنز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر راہول کول نے کہا کہ 2008 کے بعد سے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کسی ڈینٹل سرجن کی بھرتی نہیں ہوئی۔ حالانکہ ہزاروں اہل امیدوار دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بیچلر آف ڈینٹل سرجری اور ماسٹر آف ڈینٹل سرجری کی ڈگریاں رکھنے والے 10ہزار سے زائد افراد مستقل بھرتیوں کی عدم موجودگی کے باعث بے روزگار ہیں۔ڈاکٹر کول نے کہا کہ ڈینٹل گریجویٹس نے آسامیوں کی تخلیق اور باقاعدہ بھرتیوں کے لیے بارہا حکام سے رجوع کیا ہے۔ تاہم ان کے مطالبات تاحال کسی ٹھوس روزگار پالیسی کی صورت اختیار نہیں کر سکے۔انہوں نے کہا کہ صورتحال اس لیے بھی تشویشناک ہے کہ صحت کے سرکاری اداروں کو دندان سازی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہل ڈینٹل سرجنز کی مسلسل ضرورت ہے۔ڈاکٹر کول کے مطابق کئی علاقوں میں مستند ماہرین کی عدم دستیابی نے غیر مجاز دندان سازی کے لیے خلاء پیدا کر دیاہے۔ اس کے نتیجے میں ٹیکنیشنز اور دیگر غیر تربیت یافتہ افراد یہ کام انجام دے رہے ہیں۔ جن کے لیے قانونا تربیت یافتہ اور رجسٹرڈ ڈینٹل سرجنز کی خدمات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیم شہری علاقوں اور دور دراز دیہی علاقوں میں سستے دانت نکلوانے، مصنوعی دانت لگوانے اور روٹ کینال کے علاج کی تشہیر کرنے والے مراکز تیزی سے نظر آنے لگے ہیں جو مناسب رجسٹریشن کے بغیر کام کر رہے ہیں۔ وہاں دندان سازی کی باقاعدہ قابلیت کے بغیر غیر مستند افراد بھی کام کر رہے ہیں۔ڈاکٹر کول نے کہا کہ مریضوں کے تحفظ کے لیے طبی مراکز سے متعلق ضوابط پر سختی سے عمل درآمد ضروری ہے۔ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ دندان سازی کا علاج صرف مستند ماہرین فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ غیر مستند افراد کے ذریعے دانتوں کا علاج مریضوں کو ہیپاٹائٹس بی اور سی سمیت مختلف انفیکشنز کے خطرے سے دوچار کر سکتا ہے۔ اس کی وجہ طبی آلات کو مناسب طریقے سے جراثیم سے پاک نہ کرنا ہے۔ایک اور بڑا خدشہ منہ کے کینسر اور دیگر سنگین بیماریوں کی بروقت تشخیص نہ ہونا ہے۔ منہ کے کینسر کی ابتدائی علامات میں مسلسل زخم اور منہ کے اندر غیر معمولی دھبے شامل ہیں۔ ان کی درست تشخیص کے لیے مستند ماہرین کا طبی معائنہ ضروری ہے۔
مودی حکومت کے ترقی کے دعوے بے نقاب
طبی حلقوں کا کہنا ہے کہ 10ہزار اعلی تعلیم یافتہ ڈینٹل سرجنز کی حالت زار مودی حکومت کے ترقی کے بلندو بانگ دعووں کی قلعی کھول رہی ہے۔ خصوصا 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے بعد یہ صورتحال مزید نمایاں ہوئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد روزگار، سرمایہ کاری اور خوشحالی کے بڑے بڑے دعوے کیے گئے تھے۔ تاہم مقبوضہ علاقے کے تعلیم یافتہ نوجوان آج بھی سنگین بے روزگاری کا سامنا کر رہے ہیں۔ دوسری جانب سرکاری ہسپتال زوال پذیر ہیں۔ جبکہ مریضوں کو غیر مستند معالجین کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔






