حریت رہنماوں کا کشمیر کاز کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر پاکستانی حکومت اورعوام کا شکریہ
سرینگر 05 فروری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کی غیر مشروط اور غیر متزلزل حمایت کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سینئر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے آج پاکستانیوں کی طرف سے منائے جارہے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سرینگر سے ایک پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام اور حریت قیادت نے ہمیشہ پاکستان کی طرف سے مشکلات کا سامنا کے باوجود کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرنے کی تعریف کی ہے۔میرواعظ نے جنہوں نے گھر میںمسلسل نظربندی کے ڈھائی سال مکمل کیے ہیں، کہاکہ پاکستان کی مسلسل حمایت مظلوم کشمیری عوام کے لیے ہمیشہ حوصلہ افزائی کا باعث رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہونے کے ناطے کشمیریوں کو درپیش مشکلات اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ہمیشہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مو¿ثر طریقے سے اجاگر کرتا رہا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی تسلط سے کشمیریوں کی آزادی کے حق میں آواز اٹھانے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔حریت رہنماو¿ں سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں کشمیر کاز کی مسلسل حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ حمایت کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل تک جاری رہے گی۔ . انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کا حقیقی محسن ہے اور مسئلہ کشمیر کا پرامن اور باوقار حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی ملے گی۔
حریت رہنماو¿ں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے اپنے مشترکہ بیان میں ہر سال کی طرح یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش و جذبے کے ساتھ منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری پاکستان میں ایک انتہائی اہم دن بن چکا ہے کیونکہ اس دن لاکھوں پاکستانی یہ اعلان کرتے ہیں کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ حریت رہنما ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہونے کے ناطے پاکستان جنوبی ایشیا میں دیرپا امن چاہتا ہے اور اس نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے ہر سال 5 فروری کو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔حریت رہنما محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں اپنے ایک بیان میں تمام تر مشکلات کے باوجود بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے اصولی موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے اور جبری اور ناجائز قبضے کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیرشاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں تحریک آزادی کشمیرکے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرنے پرپاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یکجہتی کے کچھ وسیع مفہوم ہیں اور 5 اگست کے بھارت کے ظالمانہ اورجابرانہ اقدامات نے تحریک آزادکشمیر کو اقوام متحدہ کے سامنے دوبارہ اٹھانے کا موقع فراہم کیاہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنماو¿ں عبدالمجید ملک، قاضی عمران اور خالد شبیر نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر پوری پاکستانی قوم اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے ہر قیمت پر دشمن کے چنگل سے آزاد کرانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو زیادہ دیر تک اپنا غلام بناکر نہیں رکھ سکتا اور کشمیر جلد اس کے تسلط سے آزادی حاصل کرکے پاکستان کا حصہ بنے گا۔جموں و کشمیر پیر پنجال سول سوسائٹی کے کنوینر مشتاق احمد زرگر نے گوجرانوالہ میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ نے آج یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کوٹلی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ کشمیر پاکستان کا قدرتی حصہ ہے کیونکہ یہ ایک دوسرے کے ساتھ جغرافیائی، تاریخی، لسانی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں لیکن بھارت نے اس پر جبری قبضہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔