کوٹ بھلوال جموں کے سپرانٹنڈنٹ کو نظر بند صحافی سجاد ڈار کے امتحان کیلئے انتظامات کرنے کی ہدایت
سرینگر4 مارچ (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے سینٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں کے سپرانٹنڈنٹ کو جیل میں نظربند صحافی سجاد احمد ڈار کے امتحان کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
جسٹس سنجے دھر پر مشتمل ہائیکورٹ کے یک رکنی بنچ نے صحافی سجاد ڈار کی درخواست نمٹاتے ہوئے سینٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست گزار کے امتحان کے لیے ضروری انتظامات کریں۔سجاد ڈار کو ماسٹر آف آرٹس کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم کی امتحان میں شامل ہونا ہے جو آج چار مارچ سے شروع ہو رہے ہیں ۔ایک آن لائن پورٹل کے لیے کام کرنے والے صحافی سجاد احمد ڈار کو ضلع بانڈی پورہ سے رواں برس جنوری میں گرفتار کیا گیاتھا۔انہیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک نوجوان کی شہادت پر ہونے والے مظاہرے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آپ لوڈ کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا تھا۔ صحافی نے ہائیکورٹ میں یہ درخواست ایڈوکیٹ نذیر احمد رونگا کے ذریعے دائر کی تھی ۔