وزیر اعظم شہباز شریف کاایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، کشمیر پر حمایت کو سراہا
اسلام آباد 11جولائی (کے ایم ایس)وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مسئلہ کشمیر پر تہران کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دونوں رہنمائوں نے بات چیت کے دوران ایکدوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم شہباز نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جن کی بنیاد ان کے بقول جغرافیائی قربت، مشترکہ تاریخ اور باہمی افہام و تفہیم پر ہے۔وزیراعظم نے تنازعہ جموں و کشمیر پر ایران خاص طور پر ایران کے سپریم لیڈر کی طرف سے مسلسل حمایت کو بھی سراہا۔ صدر رئیسی نے عید کی مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور تجارتی روابط کو مزید بڑھانے بالخصوص مکران ڈویژن کو بجلی کی فراہمی میں ایرانی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دونوں رہنمائوںنے ایک دوسرے کو اپنے اپنے ممالک کے دورے کی دعوت بھی دی۔