مقبوضہ جموں و کشمیر

مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری

سرینگر 08 ستمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماﺅں کی طرف سے مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سینئرحریت رہنما اور جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مسرت عالم بٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پورے جوش و جذبے کے ساتھ جدوجہد آزادی کو آگے بڑھائیں گے اورکشمیری عوام کی دیرینہ خواہش حق خودارادیت کے حصول کے لئے کام کریں گے جوہمارا حق ہے اور جس کی ضمانت اقوام متحدہ نے دے رکھی ہے ۔جموں و کشمیر فریڈم فرنٹ کے چیئرمین سید بشیر اندرابی نے ایک بیان میں مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ بھارت کی جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند مسرت عالم بٹ اور دیگر حریت رہنماﺅں نے جدوجہد آزاد ی کشمیر کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور ان قربانیوں کی حفاظت کرنا کشمیری عوام کی ذمہ داری ہے۔انہوںنے کہاکہ سید علی گیلانی کا نظر انتخاب بھی کاروان حریت میں شہید اشرف صحرائی کے بعد مسرت عالم بٹ پر مرکوز تھا۔اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے مسرت عالم بٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے ایک جراتمند، بہادر اور پرعزم رہنما ہیں جنہوں نے سید علی گیلانی سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں چیئرمین منتخب کرنا بروقت اور درست فیصلہ ہے کیونکہ وہ ایک مخلص رہنما ہیں جنہوں نے بھارتی مظالم کے سامنے کبھی کمزوری نہیں دکھائی۔اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا نیا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سیدعلی گیلانی نے مسرت عالم بٹ کی سیاسی تربیت کی ہے اور بھارتی مظالم کے باوجود ان کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ حریت کانفرنس کے نئے چیئرمین بھرپورجوش و جذبے سے جدوجہد آزادی کی قیادت کریں گے اور جموںو کشمیر کے لوگوں کی توقعات پر پورا اتریں گے۔جموں وکشمیر ایمپلائز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون اور وائس چیئرمین امتیاز وانی نے بھی مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باددی ہے۔ انہوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ مسرت عالم بٹ بھارت کے ظلم و استبداد کے خلاف سینہ سپر رہے اورتحریک آزادی کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button