ہائی وے پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کو گزرنے دیا جائے : نیشنل کانفرنس
سرینگر03جولائی(کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس نے امرناتھ یاترا کے پیش نظر سرینگر جموں ہائی وے پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کو روکنے پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یاترا کے راستے میں رہنے والے لوگوں کی معمولات زندگی اور کاروبار کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد سے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ حسنین مسعودی، نارتھ زون کے صدر جاوید ڈار، بارہمولہ کے ضلعی صدرسجاد شفیع اور ارشاد کار نے سرینگر میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے حکام پر زور دیا کہ وہ پھلوں سے لدے ٹرکوں کو ہائی وے پرمعمول کے مطابق گزرنے کی اجازت دیں کیونکہ پھلوں کے کاشتکاروں کو گزشتہ کئی سال سے پہلے ہی بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ باغبانوں نے برسوں کی مایوسی اور نقصانات کے بعد چیری، بیر اور دیگر پھلوں کی بھرپور فصل کے بعد بڑی امیدیں وابستہ کر لی تھیں۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ان کی پیداوار جو ملک بھر کی فروٹ منڈیوں تک پہنچنی تھی انتظامیہ کو معلوم وجوہات کی بنا پر ہائی وے پر پھنس کر رہ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ وادی میں شدید گرمی کی لہر سے سرینگر سے ملک کے دیگر حصوں میں جانے والے پھلوں اورسبزیوں کے ٹرک تباہ ہوگئے ہیں جبکہ مٹن ڈیلروں کو بھی بہت نقصان ہوا ہے۔