گاندربل میں طلبا ء کا ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج، سرینگر لہہ ہائی وے بلاک
سرینگر04 اپریل (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں ضلع گاندربل کے علاقے سونہ مرگ میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گگن گیر میںزیر تعلیم طلباء نے پیر کو ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
گگن گیر کے قریب سرینگر لہہ ہائی وے کو بلاک کرنے والے طلبا ء نے کہا کہ سکول کے اوقات میں ایک بھی گاڑی انہیں نہیں اٹھارہی ہے جس کی وجہ سے ان کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ایک طالب علم نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ روزانہ اسکول دیر سے آتے ہیں کیونکہ علاقے میں کوئی گاڑی انہیں اٹھانے کے لیے نہیں رکتی۔انہوں نے کہاکہ ہم ہر روز صبح 9بجے بس اسٹاپ پر پہنچتے ہیں لیکن 11بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ کی کوئی گاڑی ہمیں نہیں اٹھاتی۔ایک طالب علم نے کہا ہم میں سے اکثر کو ہر روز گھر لوٹنا پڑتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلباء کو نو بجے تک اسکول پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان کاوقت پر اسکول پہنچنا مشکل ہوجاتا ہے۔