بی جے پی حکومت نے آسام کو مزید چھ ماہ کے لئے شورش زدہ علاقہ قراردیا
گواہٹی 12 ستمبر (کے ایم ایس)بھارتی ریاست آسام میں بی جے پی کی حکومت نے ریاست میں کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے نفاذ کو مزید چھ ماہ کی توسیع دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک سرکاری عہدید ار نے ایک بیان میں کہا کہ آسام کی حکومت نے آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ 1958کے سیکشن 3 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے آسام کی پوری ریاست کو28اگست 2021ءسے مزید چھ ماہ کے لئے ”شورش زدہ علاقہ “ قراردیا ہے۔ ریاست کے محکمہ داخلہ کے ایک عہدیدار کے مطابق یہ قانون جس کے تحت فوج اور پیراملٹری فورسز کو خصوصی اختیارات حاصل ہیں، نومبر 1990 ءسے آسام میں نافذ ہے اور ریاست کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر چھ ماہ بعد صورتحال کا جائز لے کراس میں توسیع کرتے ہیں۔ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت فوج اور پیراملٹری فورسز کو چھاپے مارنے اورکسی بھی شخص کو کسی بھی وقت بغیر وارنٹ کے گرفتارکرنے کے خصوصی اختیارات حاصل ہیں اوریہ کالا قانون پورے ناگالینڈ، اروناچل پردیش کے بعض اضلاع اور منی پور کے بیشتر علاقوں میں بھی نافذ ہے۔ منی پورسے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی کارکن ارم چنو شرمیلا نے اس کو کالا قانون قراردیتے ہوئے کئی سال تک اس کی منسوخی کے مطالبے میں بھوک ہڑتال کی تھی۔