مسلم لیگ کا امیر حمزہ ، فاروق توحیدی کی رہائی پر اظہار اطمینان
معراج الدین کلوال کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر 11 ستمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحدپرہ کی قیادت میںپارٹی کا ایک وفدتحریک حریت جموںوکشمیر کے جنرل سیکرٹری امیر حمزہ کی رہائی پر انہیں مبارک باد دینے کے لئے بانڈی پورہ میں ان کے گھرگیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ا میر حمزہ نے مسرت عالم بٹ کے کل جماعتی حریت کانفرنس کاچیئرمین منتخب ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ادھر مسلم لیگ کے رہنمافیروز احمد خان اور ضلع سرینگر کے لئے پارٹی کے صدر شبیر احمد نجار پر مشتمل ایک اوروفدتہاڑ جیل میں نظربندحریت رہنما راجہ معراج الدین کلوال کے گھر گیا اوران کی والدہ کے انتقال پر لواحقین سے ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کیا۔وفد نے لواحقین کو پارٹی قیادت کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچایا اور مرحومہ کے لئے مغفرت کی دعا کی۔
دریں اثناءجموںوکشمیرمسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحدپرہ اور آزادجموںو کشمیرمیں پارٹی کے نمائندے شیخ عبدالمتین نے فاروق احمد توحیدی کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیاہے۔