وہ دن دور نہیں جب کشمیر ی عوام آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دیکھیں گے، چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد 13 جولائی (کے ایم ایس)
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے، عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صادق سنجرانی نے یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے جاری اپنے ایک خصوصی پیغام کہاکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے عوام اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کو نسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کو روکنے کیلئے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی اور جموں وکشمیری جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ افواج کے مظالم اور بربریت کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کسی بھی صورت آزادی کیلئے اٹھنے والی آواز کو دبا نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادیں موجود ہیں اور ان قراردادوں کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کیلئے جاری جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔