APHC

کشمیریوں کی قربانیوں سے مسئلہ کشمیر ایٹمی فلیش پوائنٹ بن گیاہے: حریت کانفرنس

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کے پختہ عزم اور قربانیوں نے تنازعہ کشمیر کو ایٹمی فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے فوجی اور سفاکانہ طرز عمل پر تنقید کی جس سے پورے جنوبی ایشیا کا امن خطرے سے دوچارہوگیا ہے۔ انہوں نے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری اور ایک درجن سے زائد سیاسی قیدیوں کو بھارتی جیلوں میں منتقل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر زمین یا امن و امان کا مسئلہ نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے ڈیڑھ کروڑسے زائد لوگوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ ترجمان نے خبردارکیا کہ اگر اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں ناکام رہا تو بھارت کی ہٹ دھرمی سے خطے میں جوہری جنگ بھڑک سکتی ہے۔ترجمان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کرنے کے لیے مداخلت کرے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت اور اس کی اسٹیبلشمنٹ نے جس کی قیادت انتہائی بدعنوان اور فرقہ پرست لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کر رہے ہیں،جموں و کشمیر کو مسلسل فوج اور پولیس کے محاصرے میں رکھا ہوا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت طاقت کے وحشیانہ استعمال اور کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے پر تلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیرسے عالمی امن کے لیے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button