پاک، چین سفارتی کوششوں سے مشرق وسطیٰ میں تنائو کم ہوسکتا ہے، مسعود خان

اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ ثالثی کی جاری کوششوں میں چین کی شمولیت سے مشرق وسطی میں کشیدگی میں کمی کے امکانات کو نمایاں طور پر تقویت ملی ہے اور یہ امن کے عمل کے لیے ایک "نمایاں” پیش رفت ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں، مسعود خان نے کہا کہ ابھرتا ہوا سفارتی ڈھانچہ، جس کی تشکیل ابتدائی طور پر پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور مصر نے کی تھی، اب چین کی توثیق اور اہم شراکت کے ساتھ ایک "فور پلس ون” میکانزم میں تبدیل ہو گیا ہے۔ انہوں نے مجوزہ "پانچ نکاتی اقدام” کے اہم عناصر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اولین ترجیح فوری جنگ بندی ہے، کوئی بھی سفارتی عمل دشمنی کے خاتمے کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا مرحلہ جنگ سے متاثرہ آبادیوں کے لیے انسانی امداد کی بحالی ہے اور اسکے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان پیچیدہ اور تکنیکی مسائل کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے ایک منظم اور پائیدار بات چیت کا آغاز ہے۔انہوں نے شہری بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کی اہمیت پر مزید زور دیا، غیر جنگی اہداف، خاص طور پر جوہری اور توانائی کی تنصیبات پر حملوں کے خلاف انتباہ دیا، جس سے تنازعہ خطرناک حد تک بڑھنے کا خطرہ ہے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کو انتہائی اہم فلیش پوائنٹ قرار دیتے ہوئے ، اس بات پر زور دیا کہ اس اہم راہداری کے ذریعے جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا عالمی اقتصادی استحکام کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین عالمی سطح پر اثر و رسوخ اور تمام بڑے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مضبوط تعلقات رکھتا ہے تاہم جب تک جنگ کے اہم کردار لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے بات کا آگے بڑھنا مشکل ہے۔







