اسلام آباد: آج کشمیر ہائوس اسلام آباد میں شاہ ہمدان انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام شاہ ہمدان انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقادکیاگیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کے مقررین نے تحریک اسلامی کے احیا ئے نواور انسانی بھائی چارے کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات پر امیر کبیر میرسید علی ہمدانی کوخراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس میں کشمیر، پاکستان اور برادر اسلامی ممالک کے سیاسی رہنمائوں، علمائے کرام اور دانشوروں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہاکہ وسطی ایشیا اور جموں و کشمیر پر ان کی خدمات اورتعلیمات کے گہرے اثرات آج بھی موجود ہیںجہاںتحریک اسلامی، ثقافت اور صنعت و حرفت ان کی خدمات کی مرہون منت ہے اس لئے انہیں بجاطورپرکشمیر کا محسن کہاجاتا ہے۔انہوں نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ امیر کبیر کا کشمیر جو مسلم تہذیب، امن اور ہم آہنگی کا گہوارہ تھا، بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور جارحیت کے باعث نازک موڑ پر کھڑا ہے۔مقررین نے مودی حکومت کی طرف سے امیر کبیر کی قائم کردہ خانقاہ کو ہندو مندر میں تبدیل کرنے کی سازش کی بھی مذمت کی اور اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مسلم تشخص کا تحفظ کریں اور کشمیر میں جنگ و جدل کے ماحول کو ختم کریں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی دہشت گردی پر بھارت کا احتساب کیا جائے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے۔مقررین نے غزہ سمیت فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں فلسطینی شہید اور غزہ کا علاقہ تباہ و برباد ہوکررہ گیا ہے۔انہوں نے مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے اپنی سیاسی اور سفارتی کوششوں کو تیز کریں۔
کانفرنس کی صدارت جماعت اسلامی آزادکشمیر کے رہنما عبدالرشید ترابی نے کی جبکہ اس میں دیگر لوگوں کے علاوہ آزادکشمیر کے سابق صدر سردار یعقوب خان ، آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر، مسلم لیگ نون کے رہنما اورسابق اسپیکر شاہ غلام قادر، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، شمیم شال، تاجکستان، ایران اور افغانستان کے سفارت کاروں، ٹرسٹ کے چیئرمین سید نصیر ہمدانی ،ٹرسٹ کے چیف آرگنائزر قاضی شاہد،آئی آر ایس کے چیئرمین ڈاکٹر اقبال خلیل، انجینئر اظہر احمداور انجینئر خالد نے بھی شرکت کی۔