فاروق رحمانی کا وزیر اعظم کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تقریر کا خیر مقدم
اسلام آباد 25 ستمبر (کے ایم ایس):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) سے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی تقریر کو سراہا ہے۔
محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو اجاگر کیا اور مقبوضہ علاقے میں بھارت کے نافذ کردہ جابرانہ و ظالمانہ قوانین کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسلامو فوبیا کا معاملہ بھی اٹھا اور بھارت کی ہندو قوم پرست حکومت کو اسلام فوبیا کا بدترین مظہر ٹھہرایا۔
محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے جبکہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی ثالثی یا سہولت کو قبول کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے بڑی طاقتوں اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محکوم کشمیریوں کو بھارتی پنجہ استبداد سے بچانے اور انہیں حق خود ارادیت دلانے کیلئے آگے آئیں۔