نئی دلی:پولیس نے پیپلز فرنٹ آف انڈیا کے خلاف کالے قانون کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرلیا
نئی دلی03اکتوبر(کے ایم ایس)
بھارت کے درالحکومت نئی دلی میں پولیس نے مسلم تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے خلاف انتقامی کارروائی جاری رکھتے ہوئے تنظیم کی املاک کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔
اس سے قبل مودی حکومت نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور اس سے وابستہ تنظیموںپر 5سال کی پابندی عائد کی تھی ۔یہ مقدمہ شاہین باغ پولیس اسٹیشن میں درج کیاگیا ہے ۔ پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ پی ایف آئی کے تین دفاتر، جید اپارٹمنٹ کا گرانڈ فلور، ابوالفضل انکلیو جامعہ نگر میں ہلال ہائوس کا گرانڈ فلور اور تہری منزل جامعہ کو سیل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے پی ایف آئی کے دفاتر پر متعدد چھاپے مارے ہیں اور تنظیم کے اہم اراکین اور رہنمائوں کو گرفتار کیا ہے۔