مقبوضہ کشمیر : حریت رہنمائوں اور تنظیموں کی الطاف احمد شاہ کی دوران حراست وفات کی شدید مذمت
سرینگر11 اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں نے سینئر حریت رہنما الطاف احمد شاہ کی بھارت کی جیل میں دوران حراست وفات پر کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گردوں کے سرطان میں مبتلا الطاف احمد شاہ گزشتہ شب نئی دلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ 2017 سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید تھے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سینٹرل جیل سے جاری ایک خصوصی پیغام میں الطاف احمد شاہ کے دوران حراست قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو ٹارگٹ کلنگ قراردیا۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ اس غیر انسانی اور سفاکانہ اقدام کے خلاف احتجاج کریں۔ غلام احمد گلزار نے الطاف احمد شاہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنماء کشمیریوں کے عظیم ہیرو تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی آزادی کے مقدس مقصد کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف احمد شاہ کی دوران حراست وفات بھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک بدنما داغ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کی فسطائی حکومت ایک سازش کے تحت آزادی پسند قیادت کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر عرفانی نے سرینگر سے جاری ا ایک تعزیتی بیان میں الطاف احمد شاہ کی بھارتی جیل میں شہادت کو تحریک آزادی کیلئے لاتلافی نقصان قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ بابائے حریت مرحوم سید علی گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ گزشتہ 5برس سے تہاڑ جیل میں قید تھے اور شوگراور گردوں کے کینسر میں مبتلا تھے ۔ انہوں نے کہاکہ جیل انتظامیہ کے انتقامی رویہ کی وجہ سے انہیں نظربندی کے دوران علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھا گیا جس کی وجہ سے ان کا کینسر جسم کے دیگر حصوں میں بھی پھیل گیا۔انہوں نے کہاکہ ان کے اہلخانہ نے ان کا مناسب علاج کرانے کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹایا تاہم کوئی شنوای نہیں ہوئی۔ بالآخر وہ جیل میں ہی شہید ہوگئے ۔ حریت رہنماء نے کہا کہ حریت قائدین کا دوران حراست قتل یا وفات ہی ان کی بھارتی جیلوں سے رہائی کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کے علمبردار اداروں اور اقوام عالم سے پر زور اپیل کی کہ وہ بھارتی جیلوں میں کشمیری نظربندوں کی حالت زارکانوٹس لیں اور ان کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور مسلم لیگ جموں کشمیر کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے اپنے تعزیتی پیغام میںتہاڑ جیل میں الطاف احمد شاہ کی وفات پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی جیلوں میں کشمیری حریت پسند وں کی زندگیوں کو شدیدخطرہ لاحق ہے انکو دانستہ طورپر موت کے منہ میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جیل میں کینسر کے مرض میں مبتلا الطاف احمد شاہ کوعلاج ومعالجہ کی سہولت سے محروم رکھا گیا جسکی وجہ سے انکی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ کشمیری حریت پسندوں کے بھارتی جیلوںمیں دوران حراست قتل پر اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ عبدالاحد پرہ نے کہاکہ بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اوردیگر رہنمائوں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک ،آسیہ اندرابی، ایاز اکبر، نعیم احمد خان، شاہدالاسلام ،فاروق احمد ڈار، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نصرین اور دیگر کی زندگیوں کو بھی شدیدخطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دبا ئو بڑھائیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں سید بشیر اند رابی ، خواجہ فردوس، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، غلام محمد خان سوپوری،میر شاہد سلیم ،ڈاکٹر مصعب، تحریک حریت جموں و کشمیر، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ ، اسلامی تنظیم آزادی اورسول سوسائٹی کے اراکین نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں الطاف احمد شاہ کی دوران حراست وفات کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تہاڑ جیل میں علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھے جانے کی وجہ سے الطاف احمد شاہ دار فانی سے رخصت ہو گئے ۔ کشمیر ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں الطاف احمد شاہ کی دوران حراست وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے ۔ بیان میں بار ایسوسی ایشن نے کہاکہ الطاف شاہ کی دوران حراست وفات جیلوں میں قیدیوں کے تحفظ کی جیل حکام اور عدالتوں کی ناکامی کی وجہ سے ہوئی ہے کیونکہ ان کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت تھا۔ بیان میں سوگوار خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاگیاہے ۔ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں محمود احمد ساغر،محمد فاروق رحمانی،غلام محمد صفی ،چوہدری شاہین اقبال ، شیخ عبدالمتین، الطاف احمد بٹ،سید منظور احمد شاہ ، غلام نبی فائی ،امتیاز وانی ، الطاف وانی اور حاجی محمد سلطا ن نے اپنے بیانات میں الطاف احمد شاہ کی دوران حراست وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ الطاف احمد شاہ کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کو کبھی پر نہیں کیاجاسکے گا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء الطاف احمد شاہ کی دوران حراست شہادت کوحراستی قتل قراردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیری قیدیوں کو دشمنی اور ضد کی بنیاد پردانستہ طورپر علاج معالجے کے بنیادی حق سے محروم رکھ کر موت کے منہ میں دھکیل رہا ہے۔