بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے خلاف آزاد جموں و کشمیر میں احتجاجی مظاہرے اورریلیاں
مظفرآباد24 اپریل (کے ایم ایس)بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی کے دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے خلاف آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے اورریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
5اگست 2019 کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد یہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کامقبوضہ جموں وکشمیر کا پہلا دورہ ہے۔ مودی کے متنازعہ دورے کیخلاف آج صبح سے مظفرآباد میں پاسبان حریت کے زیر اہتمام دھرنا دیا گیا ہے۔ مودی مخالف دھرنے کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیراحمدغزالی،پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر،عثمان علی ہاشم اور جاوید احمد مغل کررہے ہیں۔برہان وانی شہید چوک میں شہریوں کی بڑی تعداد مودی مخالف دھرنے میں شریک ہے۔دھرنے کے شرکاء نے ہاتھوں میں سیاہ پرچم اٹھائے ہیں اوروہ ”گو مودی گو بیک”کے نعرے لگارہے ہیں۔۔شرکاء نے کتبے اٹھا رکھے ہیں جن پر” مودی کو روک دو”،” جموں وکشمیر آزادی چاہتا ہے” کے نعرے درج ہیں۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموںوکشمیر شاخ کے رہنما عبدالمجید ملک نے بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ جموںوکشمیر کو کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان کہا کہ نریندر مودی عالمی برادری کی توجہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے اور وہ جدوجہد آزادی کوہرقیمت پرجاری رکھیں گے۔