بھارت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبا کر عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، مزمل ایوب
اسلام آباد:تحریک آزادی کشمیر کے معروف کارکن مزمل ایو ب ٹھاکر نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبا کر عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے حق خود ارادیت سے محروم ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں فوری طور پر یہ حق دیا جائے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مزمل ایو ب ٹھا کر نے کشمیر کے حوالے سے لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکا ہے جہاں تعینات لاکھوں بھارتی فوجی انسانی حقوق کی سنگین خلاف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری کئی دہائیوں سے حق خودارادیت سے محروم ہیں ، بھارتی فوجیوں نے اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید اور سینکڑوں کشمیری خواتین کو آبروریز ی کا نشانہ بنایا ہے ، ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ کشمیریوں کی آواز سنی جائے اور دنیا انہیں انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔
مزمل ایوب ٹھاکر نے کہا کہ بھارت نے بھی برطانیہ سے اپنی آزادی کیلئے جدوجہد کی تھی اور ہر بھارتی کا ماننا ہے کہ انگریزروں کیخلاف ان کی جدوجہد جائز تھی جبکہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد کو غلط اور غیر قانونی مانتے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی مختلف قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا ہے لہذا بھارت کشمیریوں کی آوازدباکر اس عالمی ادارے کی بھی توہین کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنا کشمیریوں کا قانونی حق ہے کیونکہ انہیں یہ حق اقوام متحدہ کا چارٹر دیتا ہے، انہوںنے کہا کہ حقوق کے لیے لڑنا اور ناانصافی کے خلاف مزاحمت کرنا کشمیریوں کا فرض بھی ہے ۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں اس مباحثے کا انعقاد گزشتہ برس نومبر میں کیا گیا تھا جس کی فوٹیج چند روز قبل جاری کی گئی ہے۔