اسلام آباد07نومبر(کے ایم ایس)
پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین باسط سلطان نے 6 نومبر1947کے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہداء نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار باسط سلطان نے اتحاد اسلامی جموں وکشمیر کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں یوم شہدائے جموں کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کرچکا ہے اورہماری مائیں، بہنیں اوربچوں کو شہید کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی اور جموں وکشمیر کے عوام آزادی کی نعمت سے مالا مال ہوں گے۔ باسط سلطان نے کہاکہ پاکستان کشمیریوںکو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مضبوطی و استحکام جموں وکشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔سیمینار سے سابق امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی،
حریت رہنما سید منظور شاہ، عبدالحمید لون، انجینئر مشتاق محمود، امتیاز وانی اور دیگر کے علاوہ فرینڈز آف کشمیر کی سربراہ ہ غزالہ حبیب نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہاکہ شہدائے جموں کی قربانیاں ہمارے لیے مینارہ نور ہیں۔ شہدا کا مشن آج بھی پورے عزم و حوصلے سے جاری ہے۔ بھارت اپنی قابض فوج کے ذریعے نہتے کشمیرہوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہاہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام عالم اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو مقبوضہ وکشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کافوری نوٹس لیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی انتہا پسند وزیر اعظم مودی نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے تمام تر مذموم ہتھکنڈے استعمال کیے ،تاہم وہ کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہا ہے ۔مقررین نے مزید کہاکہ بھارت نے پاکستان کی شہ رگ پرقبضہ کر رکھا ہے تاکہ پاکستان اپنی شہ رگ چھڑوانے کیلئے تڑپتا رہے۔