کشمیر امن و امان کا مسئلہ نہیں بلکہ ایٹمی فلیش پوائنٹ ہے ،حریت رہنما
سرینگر22 دسمبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے کہا ہے کہ کشمیر زمین یا امن و امان کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ ایک جوہری فلیش پوائنٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دیرینہ تنازے کو فوجی طاقت کے بل پر حل کرنے کا فسطائی مودی کا طرز عمل پورے جنوبی ایشیا کے امن کو داو¿ پر لگا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں غلام محمد خان سوپوری، بلال صدیقی، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی، ڈاکٹر مصعب نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ خطے میں انتشار اور غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کیلئے تنازعہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیر پر بھارت کی ہٹ دھرمی خطے میں ایٹمی تصادم کو جنم دے سکتی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرپا تنازعہ کے حل کے لیے مداخلت کرے۔
بیانات میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کو فوجی محاصرے میں رکھا ہوا ہے اور وہ وحشیانہ فوجی طاقت سے کشمیریوں کی آزادی کی خواہش کو کچلنے پر تلی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کے عالمی امن کے لیے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔