APHC

مسرت عالم بٹ کی مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل ہڑتال کی کال کو کامیاب بنانے کی اپیل

سرینگر14فروری(کے ایم ایس) غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کشمیریوں کو بے اختیار بنانے کیلئے زمینوں اور جائیدادوں سے بے دخل کرنے کی مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف کل بروز بدھ ہڑتال کی کال کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔
مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسدادِ تجاوزات کے نام پر کشمیریوں سے انکی زمینیں چھین کر اور گھروں کو مسمار کر کے انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا مرتکب ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے ان مظالم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پرکشمیری عوام کو اجتماعی سزا دے رہا ہے حالانکہ ان کی جدوجہد آزادی اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے عین مطابق ہے۔مودی حکومت کشمیری عوام کیخلاف بلڈوزر کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے اور عام شہریوں کے گھروں ، ان کی جائیدادوں اور دیگر تعمیرات کو مسمار کررہی ہے۔حریت چیئرمین نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی قابض انتظامیہ کے ذریعے کشمیریوں کو زبردستی ان کی زمینوں سے بے دخل کررہی ہے تاکہ مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کیا جا سکے ۔انہوں نے عالمی برادری بالخصوص مسلم قیادت سے اپیل کی کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی منظم نسل کشی کی کوششوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ مسرت عالم بٹ نے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی نقش قدم پر چل کر اپنے مذموم ایجنڈے کوآگے بڑھا رہی ہے اور سیاسی مخالفین کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے بھارتی نسل پرست حکومت کو خبردار کیاکہ وہ کشمیریوں کو نت نئے ہتھکنڈوں سے زیر کرنے کی پالیسی ترک کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button