جی 20ممالک تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں، ساغر
اسلام آباد16 نومبر (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے جی 20 ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انڈونیشیا بالی میں منعقدہG20 اجلاس میں شرکت کرنے والے رہنماو¿ں کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہیے کہ تنازعات کے حل کے بغیر تعاون، ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔انہوں نے پائیدار امن کو عالمی معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے حصول کی کلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن کی عدم موجودگی میں معاشی خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مامن اسی صورت میں ممکن ہے جب تنازعہ کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کو منصفانہ اور پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔
محمود احمد ساغر نےG20 ممالک کے سربراہان کو لکھے گئے اپنے حالیہ خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت جس نے کشمیریوں کے بنیادی سیاسی اور انسانی حقوق کو غصب کیا ہے، اگلا جی 20 سربراہی اجلاس بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطے کشمیر میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کا اگلا جی 20 سربراہی اجلاس مقبوضہ کشمیر میں منعقد کرنے کے منصوبے کا مقصد دنیا کی توجہ کشمیر کے اصل مسئلے سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متنازعہ علاقے میں ہائی پروفائل سربراہی اجلاس کے انعقاد سے بھارت 5 اگست 2019 سے کیے گئے غیر قانونی اقدامات کو قانونی حیثیت دینا چاہتا ہے۔
محمود احمد ساغر نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو امید ہے کہ G20 ممالک جو انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے علمبردار ہیں جموں و کشمیر کی متنازعہ نوعیت کو مدنظر رکھیں گے اور بھارتی حکومت پر زور دیں گے کہ وہ سربراہی اجلاس کا مقام تبدیل کرے۔ . انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جی 20 ممالک جنہوں نے کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے حق میں ووٹ دیا تھا وہ بھارتی پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہوں گے اور بھارت سے اس تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا کہیں گے۔