راجوری میں جاری تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران 50سے زائد نوجوان گرفتار
سرینگر10جنوری(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع راجوری میں تفتیش بہانے 50سے زائد بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔
یہ گرفتاریاں بھارتی فوج، پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کی طرف سے راجوری کے دو درجن سے زائد دیہات میں جاری تلاشی اور محاصرے کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران کی گئی ہیں۔ ضلع کے اہم مقامات پر بھارتی پولیس کی خصوصی آپریشنل ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری محمد اسلم نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ فوجی کارروائی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ سی آر پی ایف کے اضافی اہلکاروں کو حساس علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے ۔ ایس ایس پی نے کہا کہ یہ گرفتاریاں ضلع راجوری کے گائوںدھانگری میں حالیہ حملوں کے بعد کی گئی ہیں۔سرکاری حکام کے مطابق پولیس اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں کی اضافی نفری سرحدی چوکیوں پر بھی تعینات کی گئی ہے جوکہ کنٹرول لائن کے ساتھ سیکورٹی بڑھانے کا حصہ ہے ۔
ادھرآج صبح کنٹرول لائن کے سندربنی سیکٹر میں مہادیو مینکا فائرنگ رینج میں نئے بھرتی ہونے والے سرکاری بندوق بردار ولیج ڈیفنس گارڈز کو ہتھیاروں اور فائرنگ کی تربیت دی گئی۔ حکام کے مطابق کنٹرول لائن کے ساتھ مختلف دیہات سے 50 سے زائدسرکاری بندوق برداروں نے فوج کے زیر انتظام فائرنگ کی تربیت کی ۔