کشمیری بھارتی قبضے کیخلاف بیش بہاقربانیاں دے رہے ہیں، بشیر اندرابی، خواجہ فردوس
سرینگر 13جنوری ( کے ایم ایس ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ بھارت نے جموںوکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ جما رکھا ہے جسکے خلاف کشمیری بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔
سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ قریب آتے ہی قابض بھارتی فورسز اہلکاروں نے کشمیریوں کی زندگی مزید اجیرن کرنا شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں جگہ جگہ ناکہ بندی کرکے کشمیریوں کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے اور خواتین سمیت ہر کسی کو تذلیل کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے لہذا بھارت یہاں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں رکھتا ۔
بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوم متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوا م متحدہ سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرائے۔