5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد 02فروری (کے ایم ایس)
پاکستان نے کہا ہے کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر ایک بار پھر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی قوم یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرے گی۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان میں معاشرے کے تمام طبقات اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری یوم یکجہتی کشمیر کو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی اور ترقی کا انحصار تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل پر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کشمیری عوام اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے حق خودارادیت کا استعمال کریں۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔