مقبوضہ جموں کشمیر کے بجٹ میں لوگوں کی بہتری کے لیے کچھ نہیں ہے، نیشنل کانفرنس
15 مارچ (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ علاقے کے سال 2023-2024 کے بجٹ میں لوگوں کی بہتری کیلئے کچھ نہیں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے مقبوضہ علاقے کے بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کشمیر کی صنعت و تجارت کے لیے کوئی خاطر خواہ رقم نہیں رکھی گئی اور یہ محض الطاظ کا گورکھ دھندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں ہے اور نوجوانوں کے لیے ملازمتیں پیدا کرنے کا کوئی خاکہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لاکھوں بے روزگار نوجوان ہیں اور بجٹ میں کنٹریکٹ اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی حالت زار کی بہتری کے حوالے سے ایک لفظ بھی نہیں ہے ۔
عمران نبی نے کہا کہ یہ لگاتار پانچواں بجٹ ہے جسے مقبوضہ علاقے کی منتخب مقننہ نے پاس نہیں کیا اور اسے پیش کرنے سے پہلے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی گئی۔