شیخ متین کا مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اظہار تشویش
اسلام آباد 05 اپریل (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں تیزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیخ عبدالمتین نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل وغارت، غیر قانونی گرفتاریوں، خواتین کی بے حرمتی ، مکانات اور دیگر املاک کی تباہی کی شدید مذمت کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم بھارتی عزائم کی مذمت کی۔
شیخ متین نے کشمیری شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماو¿ں، کارکنوں اور نوجوانوں کے عزم اور حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، مولوی بشیر احمد، بلال صدیقی، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، ایاز محمد اکبر، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین ، مشتاق الاسلام اور دیگر نظر بند حریت رہنماﺅں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی کی فوری رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔