جنرل عاصم منیر کے بیان سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، کل جماعتی حریت کانفرنس
سری نگر08 اپریل (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں نے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں محمد سلیم زرگر اور ڈاکٹر مصعب نے کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کی حمایت میں پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان کو سراہا۔انہوںنے کہا کہ جنرل عاصم منیر کے بیان سے غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔جنرل سید عاصم منیر نے کٹرول لائن کے حالیہ دورے کے دوران جوانوں سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ پاک فوج کشمیریوں کے منصفانہ کاز کی حمایت کیلئے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ قرار دادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کا حل چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے جس سے علاقائی امن و استحکام بھی متاثر ہو رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام مسائل بالخصوص تنازعہ کشمیر حل نہیں ہوتا۔انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کی چاہیے کہ وہ بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔